’’خلاصہ تفسیر القرآن‘‘ (جلد سادس متعلقہ اسلامی معیشت)
مدرسہ قاسم العلوم شیرانوالہ گیٹ لاہور کے استاذِ تفسیر حضرت مولانا حمید الرحمٰن عباسی کو اللہ رب العزت نے قرآنی مضامین کو مرتب اور عام فہم انداز میں بیان کرنے کا خصوصی ذوق عطا فرمایا ہے، اور علماء و طلبہ کی ایک بڑی تعداد ہر سال ان سے اس باب میں مستفید ہوتی ہے۔ درس و تدریس کے ساتھ ساتھ قرآنی مضامین کو تحریری طور پر پیش کرنے کا سلسلہ بھی مولانا موصوف نے شروع کر رکھا ہے، اور اس سے قبل خواتین کے بارے میں قرآنی احکام و ہدایات پر مشتمل ایک ضخیم جلد ان کے قلم سے منظر عام پر آ چکی ہے۔
’’خلاصہ تفسیر القرآن‘‘ کی زیر نظر جلد ساڑھے نو سو صفحات پر محیط ہے اور معیشت سے متعلقہ احکام و پر مشتمل ہے۔ مولانا عباسی صاحب کا اسلوبِ نگارش یہ ہے کہ پہلے ایک عنوان قائم کر کے اس سے متعلقہ آیاتِ قرآنی بیان کرتے ہیں، پھر ان کی تفاسیر کا خلاصہ ذکر کرتے ہیں، اس کے بعد متعلقہ احادیث ضروری تشریح کے ساتھ نقل کرتے ہیں، اور اس کے ساتھ ہی ضروری احکام بھی بیان کر دیتے ہیں۔ جس سے ایک عنوان کے بارے میں کم و بیش تمام ضروری معلومات قاری کے سامنے آجاتی ہیں۔
قرآنی علوم و معارف اور احکام و مسائل کو اردو دان طبقہ تک پہنچانے کی یہ ایک قابلِ قدر کاوش ہے جس پر مولانا موصوف اور انجمن خدام الدین تبریک کے مستحق ہیں۔ کتاب پر قیمت درج نہیں ہے اور انجمن خدام الدین، شیرانوالہ گیٹ، لاہور سے طلب کی جا سکتی ہے۔
ماہنامہ ’’نقیبِ ختمِ نبوت‘‘ (امیر شریعت نمبر)
امیرِ شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاریؒ کی صد سالہ ولادت کے موقع پر مجلسِ احرارِ اسلام کے آرگن ماہنامہ نقیبِ ختمِ نبوت ملتان نے زیر نظر ضخیم نمبر کی اشاعت کا اہتمام کیا ہے جو تقریبا" ساڑھے چھ سو صفحات پر محیط ہے، اور معیاری کتابت و طباعت کے ساتھ مضبوط جلد سے مزین ہے۔
شاہ جیؒ کے نواسے اور اس خاندان کی روایات کے باذوق امین سید محمد کفیل بخاری صاحب نے اپنے بھائی سید محمد ذوالکفل بخاری صاحب کی معاونت سے جذبات، احساسات، تاثرات اور معلومات کے اس حسین گلدستہ کو سجایا ہے اور اس فرضِ کفایہ کی ادائیگی پر وہ بلاشبہ شاہ جیؒ کے تمام عقیدت مندوں کی طرف سے شکریہ کے مستحق ہیں۔ امیرِ شریعت نمبر اس دور کے ممتاز اہلِ قلم کی نگارشات پر مشتمل ہے اور شاہ جیؒ کی زندگی، شخصیت اور خدمات کے ساتھ ساتھ مجلسِ احرارِ اسلام کی سیاسی و دینی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں کا بھی احاطہ کرتا ہے۔
ماہنامہ نقیبِ ختمِ نبوت کا سالانہ زر خریداری ایک سو روپے ہے، جبکہ اس خصوصی نمبر پر الگ قیمت درج نہیں ہے۔ ملنے کا پتہ: دار بنی ہاشم، مہربان کالونی، ملتان۔
’’پگڑی کا مکمل و مدلل بیان‘‘
مولانا سخی داد خوستی نے ’’الحجۃ التامۃ فی لبس العمامۃ‘‘ کے عنوان سے اس کتابچہ میں پگڑی کے سنت ہونے کے بارے میں دلائل کو یکجا کیا ہے، اور اس سلسلہ میں مختلف اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے ترغیب دلائی ہے کہ جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دیگر سنتوں کی طرح آج کے دور میں اس سنت کو بھی عام کرنا چاہیے۔
کتابچہ معلوماتی اور مصنف کے دینی جذبہ کا مظہر ہے، اس کے صفحات ایک سو ہیں اور قیمت درج نہیں۔ ملنے کا پتہ: مکتبہ طیبہ، شیخ آباد، ژوب، بلوچستان۔
’’نظریۂ پاکستان کا ارتقاء‘‘
معروف دانشور پروفیسر محمد منور نے اس کتابچہ میں ہندو معاشرت کی اس تنگ دامنی کا تاریخی تجزیہ کیا ہے جو برصغیر میں بالآخر مسلمانوں کے لیے پاکستان کے نام سے ایک الگ ملک کے مطالبہ اور تحریک پر منتج ہوئی اور پھر پاکستان وجود میں آگیا۔ تحریکِ پاکستان کے تاریخی پس منظر کو سمجھنے کے لیے اس کا مطالعہ بہت مفید ہے۔ مکتبہ وحدتِ ملّی، ۴۰ بی، اردو بازار، لاہور کی طرف سے یہ کتابچہ مفت تقسیم کیا گیا ہے۔
’’حمیدیہ شرح اردو رشیدیہ‘‘
’’رشیدیہ‘‘ فنِ مناظرہ کی معروف کتاب ہے جو درسِ نظامی کے نصاب میں شامل ہے اور اہلِ علم ایک عرصہ سے اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔ مدرسہ نصرت العلوم کے فاضل مدرس مولانا حافظ عبد القدوس خان قارن نے اس کا اردو ترجمہ اور ضروری مقامات کی تشریح کر کے اس فن پارہ کو طلبہ اور اردو دان طبقہ کے لیے قدرے آسان کر دیا ہے۔
یہ کوشش تعلیمی اور تدریسی نقطۂ نظر سے بلاشبہ قابلِ قدر ہے لیکن اس کتاب کے لکھے جانے کے بعد چار صدیاں گزر چکی ہیں اور گفتگو اور مناظرہ کا فن بے شمار مزید مراحل طے کر چکا ہے۔ اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ گفتگو اور مباحثہ کے جدید اسلوب اور تقاضوں سے بھی دینی مدارس کے طلبہ کو روشناس کرایا جائے تاکہ منبر و محراب کے اسلوبِ تکلم کو اجنبی اور بوجھل محسوس کرنے کا رجحان کم ہو اور نئی نسل اس سے زیادہ استفادہ کر سکے۔
خوبصورت اور مضبوط جلد کے ساتھ معیاری کتابت و طباعت سے کتاب مزین ہے۔ ڈیڑھ سو صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت اڑتالیس روپے ہے اور مکتبہ صفدریہ، نزد مدرسہ نصرت العلوم، گوجرانوالہ سے طلب کی جا سکتی ہے۔