تعارف و تبصرہ

   
جون ۱۹۹۳ء

’’عظمتِ حدیث‘‘

حضرت مولانا عبد الغفار حسن رحمانی کا شمار برصغیر کے ممتاز اہلحدیث علماء میں ہوتا ہے جو اپنے معتدل مزاج اور متواضع شخصیت کے باعث تمام علمی حلقوں میں احترام کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں، اور برسہا برس تک تعلیمی خدمات سر انجام دینے کے بعد اب اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن کی حیثیت سے نفاذِ اسلام کے محاذ پر سرگرم عمل ہیں۔

زیر نظر کتاب مولانا موصوف کے ان مقالات و مضامین پر مشتمل ہے جن میں انہوں نے حدیثِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے تعارف اور اس کی ضرورت و اہمیت کے ساتھ ساتھ منکرینِ حدیث کی طرف سے مختلف حوالوں سے حدیث کے خلاف پھیلائے جانے والے شبہات اور مغالطوں پر سیر حاصل بحث کی ہے۔

کتاب میں مولانا عبد الغفار حسن کے والد محترم مولانا عبد الستار حسن، دادا محترم مولانا عبد الجبار عمر پوری، اور فرزند ڈاکٹر صہیب حسن صاحب کے مقالات بھی شامل ہیں۔ اور اس طرح یہ کتاب حدیثِ رسولؐ کی اہمیت و حجیت کے بارے میں ایک علمی خاندان کی چار پشتوں کے مقالات و مضامین کا قابلِ قدر مجموعہ بن گئی ہے۔

ساڑھے چار سو کے لگ بھگ صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت ۷۲ روپے ہے اور دارالعلم، ۶۹۹ آب پارہ مارکیٹ، اسلام آباد سے طلب کی جا سکتی ہے۔

’’ذکرِ الٰہی اور دعائیں‘‘

مولانا عبد الغفار حسن نے دعا کی اہمیت اور آداب کے ساتھ ساتھ قرآن کریم اور احادیثِ نبویؐ سے اہم دعاؤں کا انتخاب پیش کیا ہے۔ صفحات ۸۰ ہیں، قیمت درج نہیں۔ اور رباط العلوم الاسلامیہ، ۲۶۸ عالمگیر روڈ، کراچی سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

’’اسلام میں سنت کا مقام‘‘

یہ مقالہ بھی مولانا عبد الغفار حسن کا تحریر کردہ ہے اور اس میں سنتِ نبویؐ کی اہمیت کی وضاحت کے ساتھ تدوینِ حدیث کے مختلف مراحل اور محدثین کی خدمات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ صفحات ۶۴، قیمت ۵ روپے، اور ملنے کا پتہ مذکورہ بالا ہے۔

’’قرآن فہمی کے بنیادی اصول‘‘

قرآن کریم کے فہم اور اس کی تفسیر و تشریح کے ضروری آداب پر مشتمل مولانا عبد الغفار حسن کا یہ قیمتی مضمون رباط العلوم الاسلامیہ نے شائع کیا ہے۔ صفحات ۳۲، قیمت تین روپے۔

’’اسلام کا عادلانہ نظام‘‘

مولانا حافظ خلیل الرحمٰن راشدی نے اس رسالہ میں اسلام کے نفاذِ عدل کی امتیازی خصوصیات کا ذکر کیا ہے اور اجتماعی زندگی کے مختلف شعبوں کے بارے میں حضرات خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کے فیصلوں اور ارشادات کے حوالہ سے اسلامی نظام کی اہمیت بیان کی ہے۔ مجموعی طور پر یہ ایک مفید اور معلوماتی رسالہ ہے۔ صفحات ۶۰، قیمت درج نہیں، اور ملنے کا پتہ یہ ہے: المکتبہ الخلیل، چنوں موم، تحصیل و ضلع سیالکوٹ، پاکستان۔

ماہنامہ ’’تذکیر‘‘ لاہور

تحریک الانصار المسلمون کے ترجمان ماہنامہ تذکیر لاہور کا اپریل ۹۳ء کا شمارہ ہمارے سامنے ہے، جس میں حقیقتِ تقویٰ، اسلامی سزائیں، بوسنیا کا مسئلہ، شکر گزاری، اور ان جیسے دیگر اہم عنوانات پر مختصر مگر دل نشین ہو جانے والے مضامین شامل ہیں۔ اس کے مدیر جانب منظور الحسن ہیں۔ سالانہ چندہ پچاس روپے ہے اور ملنے کا پتہ یہ ہے: ۹۸ (۲) ای ماڈل ٹاؤن، لاہور۔

’’اکٹھی تین طلاق کا حکم‘‘

ہمارے فاضل دوست مولانا عبد اللطیف مسعود نے اس رسالہ میں ایک مجلس میں دی گئی تین طلاقوں کے تین ہی شمار ہونے کے بارے میں جمہور فقہاء کے موقف کی وضاحت کی ہے اور اس سلسلہ میں فریقِ مخالف کے دلائل کا جواب دیا ہے۔ یہ رسالہ مولانا حافظ محمد افضل شاکر، جامع مسجد وہاب، ڈسکہ، ضلع سیالکوٹ نے شائع کیا ہے اور اس کی قیمت دس روپے ہے۔

’’مناقبِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم‘‘

ماہنامہ ’’الہلال‘‘ مانچسٹر کے مدیر مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی نے حضراتِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مناقب و فضائل کے بارے میں شاہ اسماعیل شہید، مولانا ابو الکلام آزاد، مولانا قاری محمد طیب، مولانا مفتی محمد شفیع، مولانا محمد زکریا مہاجر مدنی، اور دیگر سرکردہ اصحابِ علم کے مضامین و ارشادات کا ایک حسین انتخاب پیش کیا ہے۔

سوا دو سو صفحات پر مشتمل اس مجموعہ کی قیمت چھیاسٹھ روپے ہے اور اسلامک اکیڈمی مانچسٹر (یوکے) کے علاوہ جناب حافظ نور محمد انور، مکتبہ الفاروق، سلطان پورہ، لاہور سے بھی یہ کتاب طلب کی جا سکتی ہے۔

’’گستاخِ دین صحافی‘‘

آزاد خیال صحافی جناب عبد اللہ ملک نے ’’حدیثِ دل‘‘ کے عنوان سے اپنے حج کا سفرنامہ لکھا ہے، جو ان کے مخصوص خیالات اور افتادِ طبع کی عکاسی کرتا ہے۔

جناب محمود الرشید حدوٹی نے زیر نظر مضمون میں اس سفر نامے کا ناقدانہ جائزہ لیا ہے۔ ۳۲ صفحات پر مشتمل اس پمفلٹ پر قیمت درج نہیں اور رابطہ کے لیے مسجد ابوذرغفاریؓ، شالامار باغ، لاہور کا پتہ درج ہے۔

   
2016ء سے
Flag Counter