قومی وحدت و استحکام کا واحد راستہ — دستور کی پاسداری
پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی نے یکم اگست ۲۰۲۵ء کو مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہم قومی ماحول میں جس خلفشار اور باہمی بے اعتمادی کا شکار ہیں اس کا واحد حل دستور کی بالادستی اور پاسداری ہے جس کے لیے ہمیں گروہی اور طبقاتی مفادات کے حصار سے نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں میں جو بھی پالیسی میکر اور اسٹیک ہولڈر ہیں ان سب سے میری گزارش ہے کہ وہ جس منصب پر بھی ہیں وہ منصب سنبھالتے ہوئے انہوں نے جو حلف اٹھایا تھا اگر وہ اسے ایک بار پھر پڑھ لیں اور اس کے دائرہ میں اپنے فرائض سرانجام دینے کا عزم کر لیں تو ہم قومی وحدت و سلامتی اور سربلندی و خودمختاری کے لیے صحیح ٹریک پر آ سکتے ہیں، یہ دین و شریعت کا تقاضہ بھی ہے اور ملک کے دستور و قانون کی صدا بھی ہے، اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس کی توفیق سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔
’’کل جماعتی دفاعِ شعائر اللہ سیمینار‘‘
پاکستان شریعت کونسل کے مرکزی امیر مولانا زاہد الراشدی نے کہا ہے کہ ناموسِ رسالت ﷺ کے قانون کا تحفظ ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے، یہ خوش آئند بات ہے کہ اس طرح کے حساس دینی و ملی معاملات سوشل میڈیا کی سطح سے نکل کر علمی اور سنجیدہ ماحول میں زیر بحث آئیں تاکہ ٹھوس اور مؤثر لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی سطح پر مقدساتِ دین کے تحفظ اور ان کی حرمت کے لیے مشترکہ اور منظم جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے، اس کا نظم بنانے کی ضرورت ہے۔ وہ اتوار 3 اگست کو لاہور کے مرکز قرآن و سنہ، لارنس روڈ میں منعقدہ کل جماعتی دفاعِ شعائرِ اللہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا زاہد الراشدی نے سیمینار کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان شریعت کونسل ہر پلیٹ فارم پر دینی شعائر اور ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد جاری ہے گی۔ مولانا زاہد الراشدی صاحب نے ’’کل جماعتی دفاعِ شعائر اللہ سیمینار‘‘ کی کامیابی پر قرآن و سنت موومنٹ پاکستان کے سربراہ علامہ ابتسام الٰہی ظہیر صاحب کو مبارک باد دی اور اس مشن میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر پاکستان شریعت کونسل کے مرکزی سربراہ کے ہمراہ شریک وفد میں پاکستان شریعت کونسل پنجاب کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد عثمان رمضان، پاکستان شریعت کونسل گجرانوالہ کے امیر صاحبزادہ حافظ نصر الدین خان عمر، حافظ شاہد الرحمٰن میر، عبدالقادر عثمان اور مولانا حافظ محمد دانیال شامل تھے۔
مولانا زاہد الراشدی کا ایک روزہ دورۂ کراچی
پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی نے آٹھ اگست کو کراچی کا ایک روزہ دورہ کیا اور زمان ٹاؤن کورنگی میں دارالعلم فاؤنڈیشن کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرنے کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ کی ایک نشست سے خطاب کیا۔ پاکستان شریعت کونسل راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل مفتی محمد سعد سعدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مولانا راشدی نے جامع مسجد گول مارکیٹ ناظم آباد میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قرآن کریم کے ترجمہ و تفسیر کا درس مکمل ہونے پر خطیب مسجد مولانا محمود الحسن اعظمی اور شرکاء درس کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کو سمجھ کر پڑھنا اور اس کے احکام پر عمل ہی ہمارے تمام مسائل و مشکلات کا صحیح حل ہے اور ہمیں ہر سطح پر اس کا اہتمام کرنا چاہیے۔ مولانا زاہد الراشدی نے عصر کی نماز جامعہ انوار القرآن آدم ٹاؤن میں ادا کی اور مولانا حسین احمد درخواستی، مولانا رشید احمد درخواستی، مولانا مفتی حبیب احمد درخواستی اور دیگر علماء کرام کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیالات کے بعد واپسی کے لئے ایئرپورٹ روانہ ہوگئے۔
حضرت مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی سے ملاقات
عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما حضرت مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی صاحب گذشتہ روز الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ تشریف لائے جہاں انہوں نے اکادمی کے مدیر اعلیٰ شیخ الحدیث حضرت مولانا زاہدالراشدی صاحب مدظلہ سے تفصیلی ملاقات کی۔ حضرت مولانا زاہدالراشدی صاحب نے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی خدمات اور ملک بھر میں منعقدہ اجتماعات پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مبلغ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع گوجرانوالہ مولانا محمد عارف شامی، امیر جمعیۃعلماءاسلام تحصیل کامونکی حافظ خرم شہزاد اور الشریعہ اکادمی کے ناظم مولانا محمد عامر حبیب بھی موجود تھے۔ مولانا شجاع آبادی صاحب نے فرمایا کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام 7 ستمبر کو وحدت روڈ لاہور اور 28 ستمبر کو مِنی اسٹیڈیم شیخوپورہ روڈ گوجرانوالہ میں بڑی سطح کی قومی ختم نبوت کانفرنسیں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ کی قومی کانفرنس کے لیے مولانا محمد عارف شامی، ضلعی امیر مولانا محمد اشرف مجددی، علامہ یوسف عثمانی، مولانا محمود الرشید قدوسی، مولانا عمر حیات، سید احمد حسن زید، قاری عبدالغفور، مولانا ہدایت اللہ جالندھری اور دیگر احباب کی سربراہی میں مختلف کمیٹیاں کام کررہی ہیں۔ دعوتی مہم زوروں سے جاری ہے، ضلع بھر میں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں۔ ان شاءاللہ 28 ستمبر کو گوجرانوالہ کی ختم نبوت کانفرنس تاریخی کانفرنس ثابت ہوگی۔ اس موقع پر حضرت مولانا زاہدالراشدی صاحب نے فرمایا کہ رابطہ کمیٹی اور میڈیا کمیٹی اپنی دعوتی مہم کو تیز کریں، ہر طبقے اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے احباب بالخصوص تاجر برادری، وکلاء، اساتذہ و طلباء کو خاص طور پر اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے۔ حضرت مولانا زاہدالراشدی صاحب نے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں کا الشریعہ اکادمی آمد پر شکریہ ادا کیا۔
علماء اور وکلاء کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی
پاکستان شریعت کونسل کے امیر حضرت مولانا زاہد الراشدی نے فیصل آباد کے معروف قانون دان ریٹائرڈ سیشن جج چودھری خالد محمود کو پاکستان شریعت کونسل کا مرکزی قانونی مشیر مقرر کیا ہے، گزشتہ روز چودھری خالد محمود صاحب نے مولانا زاہد الراشدی سے جامعہ محمدیہ اسلامیہ فیصل آباد میں ملاقات کی اور مختلف امور پر ان سے صلاح و مشورہ کیا، مرکزی نائب امیر مولانا عبد الرزاق صاحب اور صوبائی قانونی مشیر مفتی شمس الدین ایڈووکیٹ بھی ملاقات میں شریک تھے۔ اس موقع پر مولانا راشدی نے کہا کہ ملک میں دستور کی بالادستی اور نظام شریعت کے نفاذ کے لئے علماء اور وکلاء کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی۔
……