بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
قرآن کریم میں اہلِ ایمان کے اوصاف بیان کرتے ہوئے فرمایا گیا ہے کہ ’’واذا ما غضبوا ھم یغفرون‘‘ انہیں جب غصہ آتا ہے تو معاف کر دیتے ہیں اور ’’والکاظمین الغیظ والعافین عن الناس‘‘ وہ اپنے غصے کو پی جاتے ہیں اور لوگوں کو معاف کر دیتے ہیں۔ جبکہ جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی غصہ کو کنٹرول کرنے اور اس کا بے جا اظہار نہ کرنے کو بہادری سے تعبیر فرمایا ہے اور اس کا ثواب و اجر بیان فرمایا ہے۔
غصہ انسان کی فطرت میں شامل ہے، جس کا صحیح مقام اور صحیح طریقہ سے اظہار ہو تو اسے غیرت و حمیت سے تعبیر کیا گیا ہے، مگر غلط موقع پر بے جا اظہار کو گناہ قرار دیا گیا ہے۔ ہمارے فاضل عزیز مولانا عمیر سہیل نے زیرنظر کتابچہ میں اسی حوالہ سے مفید معلومات اور ہدایات کو جمع کیا ہے اور قرآن و سنت کی روشنی میں غصہ کے علاج اور کنٹرول کی صورتیں بیان کی ہیں جو راہ نمائی کے لیے بہت مفید ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں اس پر جزائے خیر سے نوازیں اور ان کی اس کاوش کو قبولیت و ثمرات سے بہرہ ور فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔

