تعارف و تبصرہ

   
اپریل ۱۹۹۹ء

’’سیرت امیر المومنین سیدنا علی بن ابی طالبؓ‘‘

امیر المومنین خلیفہ راشد سیدنا حضرت علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ کے حالاتِ زندگی اور علمی و دینی خدمات پر اردو میں ایک مستند کتاب کی ضرورت ایک عرصہ سے محسوس کی جا رہی تھی۔ چنانچہ مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی دامت برکاتہم نے اس موضوع پر قلم اٹھایا ہے اور اس ضرورت کو احسن طریقہ سے پورا کر دیا ہے۔ حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی مدظلہ کے نام نامی کے بعد اس کتاب کے بارے میں مزید کچھ کہنے کی گنجائش باقی نہیں رہ جاتی۔

پونے پانچ سو صفحات کی یہ ضخیم کتاب مکتبہ سید احمد شہید، ۱۰ الکریم مارکیٹ، اردو بازار، لاہور نے عمدہ کتابت و طباعت اور خوبصورت جلد کے ساتھ شائع کی ہے اور اس کی قیمت کتاب پر درج نہیں ہے۔

سہ ماہی ’’احوال و آثار‘‘ کاندھلہ: مولانا انعام الحسنؒ نمبر

کاندھلہ (انڈیا) کے معروف علمی جریدہ سہ ماہی احوال و آثار نے تبلیغی جماعت کے سابق امیر حضرت مولانا انعام الحسن کاندھلویؒ کے حالاتِ زندگی اور علمی و دینی خدمات پر ایک ضخیم اشاعت کا اہتمام کیا ہے جس میں کاندھلہ کے اس علمی خاندان کے دیگر ممتاز حضرات کے حالاتِ زندگی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ساڑھے سات سو صفحات پر مشتمل اس ضخیم اور مجلد نمبر کی قیمت اڑھائی سو روپے ہے اور اسے پاکستان میں مکتبہ خلیل، یوسف مارکیٹ، غزنی سٹریٹ، اردو بازار، لاہور سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’مکاتیبِ مولانا عبید اللہ سندھیؒ‘‘

تحریکِ آزادی کے نامور سپوت اور مفکرِ انقلاب حضرت مولانا عبید اللہ سندھیؒ کے مختلف حضرات کے نام خطوط کو ڈاکٹر ابو سلمان شاہجہان پوری صاحب نے مرتب کیا ہے، جن میں اُس دور کے سیاسی حالات اور تحریکِ آزادی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں راہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے، اور حضرت مولانا عبید اللہ سندھیؒ کے افکار و خیالات سے شناسائی ہوتی ہے۔

یہ مجموعہ المحمود اکیڈمی، عزیز مارکیٹ، اردو بازار، لاہور نے شائع کیا ہے۔ صفحات ۲۱۶، مجلد، قیمت ایک سو بیس روپے۔

’’سراجِ مومن‘‘

علمِ میراث میں ’’سراجی‘‘ معروف کتاب ہے جو ایک عرصہ سے درسِ نظامی کے نصاب میں شامل ہے۔ مولانا سید قاری عبد الرؤف مومن زیدی صاحب نے ’’سراجی‘‘ کی عبارت کو اعراب، ترکیب اور ترجمہ کے ساتھ نئے انداز میں پیش کیا ہے جو مدرسین اور طلبہ کے لیے بطور خاص استفادے کی چیز ہے۔ کتاب بڑے سائز کے ۲۱۳ صفحات پر مشتمل ہے جس پر قیمت درج نہیں، اور اسے مصنف سے مولانا حافظ عبد المنان نور پوری، جامعہ محمدیہ، جی ٹی روڈ، گوجرانوالہ کی معرفت طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’الادب الجاری فی ابیات صحیح البخاری‘‘

امام بخاریؒ نے صحیح بخاری میں جو احادیثِ نبویہؐ پیش کی ہیں ان میں کئی مقامات پر اشعار بھی شامل ہیں۔ شیخ الحدیث حضرت مولانا لطافت الرحمٰن زید مجدہم نے ان ابیات و اشعار کو ایک الگ مجموعہ میں ان کے پس منظر اور شرح و ترجمہ کے ساتھ پیش کیا ہے جو بلاشبہ اہلِ علم کے لیے ایک گراں قدر تحفہ ہے، جسے مولانا عبد القیوم حقانی نے ادارۃ العلم و التحقیق، جامعہ ابوہریرہؓ، خالق آباد، نوشہرہ، صوبہ سرحد کی طرف سے شائع کیا ہے۔ ضخامت: ۱۶۰ صفحات، قیمت درج نہیں۔

’’پاکستانی جامعات میں عربی زبان اور علومِ اسلامیہ پر تحقیق‘‘

یہ دراصل ایک مقالہ ہے جس میں معروف دانشور ڈاکٹر سفیر اختر نے پاکستانی جامعات یعنی یونیورسٹیوں میں عربی زبان اور اسلامی علوم کے سلسلہ میں ہونے والے تحقیقی کام کا جائزہ لیا ہے اور اس کے مختلف ادوار پر روشنی ڈالی ہے۔ ۲۴ صفحات پر مشتمل یہ رسالہ ندوۃ المعارف، ۱۳ کبیر سٹریٹ، اردو بازار، لاہور نے شائع کیا ہے اور پندرہ روپے کے ڈاک ٹکٹ بھیج کر منگوایا جا سکتا ہے۔

’’مسلمانوں کے لیے لمحۂ فکریہ‘‘

ممتاز دانشور جناب عبد الرشید ارشد نے اس رسالہ میں انسانی حقوق، آزادئ نسواں، اور اقلیتوں کے حوالہ سے کام کرنے والے اداروں کی کچھ سرگرمیوں کا جائزہ لیا ہے اور مسلمانوں کو اس کے نقصانات سے آگاہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ صفحات ۵۶، ملنے کا پتہ: رائٹر فورم، جوہر پریس بلڈنگ، جوہر آباد، ضلع خوشاب۔

’’خلفاء ثلاثہؓ اور حضرت علیؓ‘‘

معروف دانشور جناب عبد الرشید ارشد نے اس رسالہ میں خلفاء ثلاثہؓ حضرت ابوبکر صدیقؓ، حضرت عمرؓ اور حضرت عثمانؓ کے ساتھ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے تعلقات کا جائزہ لیا ہے۔ اس کے علاوہ متعہ کی شرعی اور اخلاقی حیثیت پر بھی بحث کی ہے۔ اور اس کے ساتھ مختلف شیعہ تحریکات اور ان کے طریق کار پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ صفحات ۷۲، ملنے کا پتہ: النور ٹرسٹ، جوہر آباد ضلع خوشاب۔

’’سفرنامہ رنگون‘‘

مدرسہ جامع العلوم عید گاہ بہاولنگر کے مہتمم مولانا جلیل احمد اخوان نے اپنے مرشد و شیخ حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب مدظلہ کے ساتھ برما کا سفر کیا اور اس کے مشاہدات و تاثرات کو عقیدت و محبت کے ساتھ مرتب کیا ہے۔ صفحات ۱۱۲، ملنے کا پتہ: مدرسہ جامع العلوم عیدگاہ بہاولنگر۔

ماہنامہ ’’ترجمان الحدیث‘‘ فیصل آباد

مسلکِ اہلِ حدیث کا علمی ترجمان جو مولانا علامہ احسان الٰہی ظہیر شہیدؒ کی زیرادارت شائع ہوتا رہا ہے، اب کچھ عرصہ سے معروف اہلِ حدیث ادارہ جامعہ سلفیہ فیصل آباد کے آرگن کے طور پر شائع ہو رہا ہے اور جناب پروفیسر محمد یاسین ظفر اور محمد زبیر ظہیر اس کی ادارت کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

زیر نظر شمارہ مارچ اور اپریل کا مشترکہ ہے جو حضرت مولانا ابو الکلام آزادؒ، مولانا حافظ صلاح الدین یوسف، مولانا محمد اسحاق بھٹ، مولانا محمود احمد غضنفر، اور دیگر اصحابِ قلم کی نگارشات پر مشتمل ہے۔ قیمت فی پرچہ ۱۰ روپے، سالانہ ۱۰۰ روپے، ملنے کا پتہ: جامعہ سلفیہ، حاجی آباد، فیصل آباد۔

ماہنامہ ’’انوارِ ختمِ نبوت‘‘ لندن

انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ لندن کا ترجمان ماہنامہ ’’انوارِ ختم نبوت‘‘ معروف صحافی جناب خالد لطیف گھمن کی زیر ادارت شائع ہو رہا ہے جو تحریکِ ختم نبوت کی سرگرمیوں اور منکرینِ ختم نبوت کے تعاقب کے حوالہ سے مفید اور معلوماتی مضامین پر مشتمل ہوتا ہے۔

زیر نظر شمارہ اپریل ۹۹ء کا ہے جس میں متعدد عنوانات پر ممتاز اہلِ قلم کی نگارشات شاملِ اشاعت ہیں۔ صفحات ۴۸، قیمت فی شمارہ ۱۵ روپے، سالانہ ۱۵۰ روپے، پاکستان میں ملنے کا پتہ: پی او بکس ۱۵۵۱ جی پی او، لاہور۔

   
2016ء سے
Flag Counter