مرکزی مجلس شوریٰ جمعیۃ علماء اسلام نے ملتان کے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ کل پاکستان نظامِ شریعت کنونشن ۱۸ و ۱۹ اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہوگا۔ حضرت مولانا عبید اللہ انور دامت برکاتہم کو مجلس استقبالیہ کا صدر منتخب کر کے باقی عہدہ داروں اور ارکان کا تعین گوجرانوالہ جمعیۃ کی صوابدید پر چھوڑ دیا گیا تھا۔
چنانچہ کنونشن کی تیاریوں کے آغاز او رمجلس استقبالیہ کے باقاعدہ قیام کے سلسلہ میں ۳۰ جون کو مکی مسجد بخاری روڈ گوجرانوالہ میں جمعیۃ علماء اسلام ضلع گوجرانوالہ کی مجلس عمومی کا اجلاس منعقد ہوا۔ امیر ضلع حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر علالت کی وجہ سے شرکت نہ کر سکے۔ نائب امیر اول حضرت مولانا نذیر احمد صاحب خطیب واہنڈو نے اجلاس کی صدارت کی۔ جمعیۃ کے صوبائی امیر اور مجلس استقبالیہ نظام شریعت کنونشن کے صدر حضرت مولانا عبید اللہ انور مہمان خصوصی تھے۔ اجلاس سے مولانا سعید الرحمان علوی، مولانا عبد الرؤف فاروقی اور حافظ گلزار احمد آزاد کے علاوہ علالت و کمزوری کے باوجود حضرت مولانا مفتی عبد الواحد صاحب مدظلہ نے بھی خطاب فرمایا اور اپنے قیمتی مشوروں سے شرکاء اجلاس کو مستفیض فرمایا۔
مولانا عبید اللہ انور دامت برکاتہم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ نظامِ شریعت کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد کریں اور اس سلسلہ میں اپنی صلاحیتیں وقف کر دیں۔ آپ نے فرمایا یہ کنونشن پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل اور نظامِ شریعت کے نفاذ کی عملی جدوجہد کا نقطۂ آغاز ثابت ہوگا۔
علوی صاحب نے اکابر و اسلاف کی عظیم خدمات اور قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کارکنوں سے کہا کہ وہ قربانی اور محنت و جدوجہد کا راستہ اپنا کر ہی بزرگوں کے مقدس مشن کو زندہ رکھ سکتے ہیں۔
مجلس استقبالیہ کا قیام
اجلاس میں نظامِ شریعت کنونشن کی تیاریوں کے باقاعدہ آغاز کے لیے مجلس استقبالیہ کے مندرجہ عہدیداروں کا انتخاب عمل میں آیا:
صدر: حضرت مولانا عبید اللہ انور، امیر جمعیۃ صوبہ پنجاب۔
نائب صدر:
(۱) حضرت مولانا شاہ محمود امروٹی، امیر جمعیۃ صوبہ سندھ۔
(۲) حضرت مولانا محمد ایوب جان بنوری، امیر جمعیۃ علماء اسلام صوبہ سرحد۔
(۳) حضرت مولانا محمد خان شیرانی، امیر جمعیۃ علماء اسلام صوبہ بلوچستان۔
ناظم اعلیٰ: حضرت مولانا مفتی عبد الواحد صاحب مدظلہ، گوجرانوالہ۔
ناظم: علامہ محمود احمد صاحب لدھیانوی، گوجرانوالہ۔
ناظم نشر و اشاعت: راقم الحروف زاہد الراشدی۔
خازن: جناب شیخ عبد المجید صاحب۔
سالار: جناب خان محمد قاسم خان۔
مجلس استقبالیہ کے باقی ارکان اور کمیٹیوں کا تقرر صدر اور ناظم اعلیٰ باہمی مشورہ سے جلد کر دیں گے۔
لائل پور میں شعبہ نشر و اشاعت کا قیام
گزشتہ دنوں مرکزی شعبہ نشر و اشاعت کی طرف سے ملک کے مختلف اہم مقامات میں ذیلی شعبوں کے قیام اور راقم الحروف کی حاضری کے پروگرام کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس سلسلہ میں پہلا پروگرام لائل پور کا تھا۔ چنانچہ یکم جولائی کو برادرم مولانا سعید الرحمان علوی کی معیت میں لائل پور پہنچا، ظہر کی نماز کے بعد دفتر جمعیۃ میں سرگودھا ڈویژن کے احباب کا مشاورتی اجلاس تھا۔ میانوالی ضلع کا اسی روز کنونشن تھا اس لیے وہاں سے کوئی ساتھی نہ آسکا۔ جھنگ، سرگودھا اور لائل پور سے متعدد احباب نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ جناب خواجہ محمد اکرم بٹ امیر جمعیۃ علماء اسلام لائل پور شہر کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا۔
راقم الحروف نے شعبہ کے قیام کی غرض و غایت اور پروگرام سے احباب کو آگاہ کیا، شرکاء اجلاس نے بھی متعدد مفید تجاویز پیش کیں۔ یہ مشاورت کم و بیش دو گھنٹہ جاری رہی اور طے ہوا کہ اس قسم کے مشاورتی اجلاس وقتاً فوقتاً طلب کیے جاتے رہیں گے تاکہ دلچسپی اور دلجمعی کے ساتھ نشریاتی محاذ کو منظم کیا جا سکے۔ الحمد للہ مشاورت کا یہ تجربہ بہت مفید او رحوصلہ افزا ثابت ہوا۔