’’حضرت مولانا مفتی مظفر حسینؒ‘‘ ۔ ’’فکرِ انقلاب‘‘ کی خصوصی اشاعت

   
۲۶ اکتوبر ۲۰۱۹ء

نحمدہ تبارک و تعالٰی ونصلی ونسلم علٰی رسولہ الکریم وعلٰی آلہ واصحابہ واتباعہ اجمعین۔

حضرت مولانا اعجاز احمد عرفی زید مجدہم کے گرامی نامہ سے یہ معلوم کر کے خوشی ہوئی کہ برصغیر کے نامور فقیہ حضرت مولانا مفتی مظفر حسین قدس اللہ سرہ العزیز (ناظم مظاہر العلوم، سہارنپور) کی حیات و خدمات کے حوالہ سے ’’فکر انقلاب‘‘ کی ایک خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مولانا عرفی کے ذوق و محنت کے سابقہ شاندار مظاہروں سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ اشاعت بھی خاصے کی چیز ہوگی اور ہماری ملی تاریخ کے لٹریچر میں اس سے وقیع اضافہ ہو گا۔ حضرت مولانا مفتی مظفر حسینؒ کی زندگی کے بیسیوں گوشے اور حیات و خدمات کے سینکڑوں پہلو اس کے ذریعے سامنے آئیں گے اور نئی نسل بالخصوص نوجوان علماء کرام کے لیے راہنمائی کا ذریعہ بنیں گے اور ایک ولیٔ کامل کے حالات و واقعات سے آگاہی ہم سب کے لیے راہنمائی کے ساتھ ساتھ برکات و فیوض کا باعث بھی ہوں گی۔

حضرت مولانا مفتی مظفر حسینؒ اور ان جیسے چند دیگر بزرگوں کے حالات زندگی پڑھتے ہوئے یوں محسوس ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے متقدمین میں سے کچھ لوگوں کو اپنی تکوینی حکمت کے تحت بعد والے ادوار میں بھیجا تاکہ کتابوں میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ پہلے بزرگوں کی زندگی کی کچھ عملی جھلکیاں بھی لوگوں کو دیکھنے کو مل جائیں۔ یہ بزرگ یقیناً اپنے اپنے دور میں ’’حجۃ اللہ فی الارض‘‘ کا مصداق تھے اور ان سے بے شمار خوش نصیبوں نے استفادہ اور فیض و برکت کی سعادت حاصل کی۔

اللہ تعالٰی مولانا محمد اعجاز عرفی اور ان کے رفقاء کو جزائے خیر سے نوازیں کہ وہ ہمیں ہمارے بزرگوں سے متعارف کراتے رہتے ہیں اور ان کی ان علمی کاوشوں کو زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے نفع بخش بنائیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter