فرانس میں مسلمانوں، عیسائیوں اور یہودیوں کا اتحاد

   
تاریخ : 
دسمبر ۱۹۹۸ء

روزنامہ جنگ لاہور ۹ نومبر ۱۹۹۸ء کی ایک رپورٹ کے مطابق فرانس میں مسلمانوں، عیسائیوں اور یہودیوں کے مذہبی حلقوں نے اس قانونی بل کے خلاف متحدہ محاذ بنا لیا ہے جو ہم جنس پرستی کو قانونی شکل دینے کے لیے فرانسیسی پارلیمنٹ میں پیش ہونے والا ہے، اور فرانس کی سوشلسٹ حکومت اس بل کی منظوری کے لیے راہ ہموار کر رہی ہے۔ بل کا مقصد ہم جنس پرستی کو قانونی حق کے طور پر تسلیم کر کے ہم جنس پرستوں کو تمام متعلقہ حقوق کی ضمانت دینا ہے۔

ہم جنس پرستی یورپ اور امریکہ میں ایک وبا کی شکل میں پھیلتی جا رہی ہے جو آسمانی تعلیمات اسے انحراف اور مادر پدر آزاد معاشرت کا منطقی اور فطری نتیجہ ہے، اور مغرب کے بہت سے ممالک اسے ایک قانونی حق کے طور پر تسلیم کر کے اس کی مسلسل حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ اس لیے اس خبر میں ہمارے لیے کوئی اچنبھے کی بات نہیں ہے۔ البتہ مسلمانوں، عیسائیوں اور یہودیوں کے مذہبی حلقوں کی بیداری اور آسمانی تعلیمات سے بغاوت کے تلخ ثمرات کے احساس کے ساتھ انسانیت کے فطری اخلاق و اقدار کے تحفظ کے لیے باہمی ربط و مفاہمت کا اہتمام یقیناً ایک اچھی خبر ہے۔ خدا کرے کہ یہ اتحاد آگے بڑھے اور مسلمانوں، عیسائیوں اور یہودیوں کے مذہبی راہنما انسانی معاشرہ کو آسمانی تعلیمات کی طرف واپس لانے کے لیے مل جل کر کسی مؤثر جدوجہد کا اہتمام کر سکیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter