’’نقوش‘‘ کا قرآن نمبر
’’نقوش‘‘ پاکستان کا معروف ادبی جریدہ ہے جو ایک عرصہ سے اردو ادب کے ایک معیاری نمائندے کے طور پر خدمات سر انجام دے رہا ہے، اس کے متعدد خصوصی نمبر اپنے اعلیٰ معیار اور عمدہ ذوق کے باعث ادبی تاریخ میں نمایاں جگہ حاصل کر چکے ہیں۔ جن میں ’’رسولؐ نمبر‘‘ سب سے ممتاز ہے اور نقوش کے بانی جناب محمد طفیل مرحوم کی عمر بھر کی کاوشوں کا نچوڑ اور شاہکار ہے۔
ان کے بعد ان کے فرزند جناب جاوید طفیل اپنے عظیم باپ کی روایات کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور ’’رسولؐ نمبر‘‘ کی طرز پر ’’قرآن نمبر‘‘ کی اشاعت کا آغاز کر چکے ہیں جس کی پہلی دو جلدیں اس وقت ہمارے سامنے ہیں۔ پہلی جلد ساڑھے چھ سو سے زائد اور دوسری بھی اس کے لگ بھگ صفحات پر مشتمل ہے۔ قرآن کریم کے حوالہ سے مختلف عنوانات پر ممتاز اہلِ قلم کی نگارشات کو ’’نقوش‘‘ کے خصوصی ذوق کے مطابق پیش کیا گیا ہے۔ کتابت و طباعت کے معیار اور جلد و ٹائٹل کے حسن کے بارے میں نقوش کا نام سامنے آجانے کے بعد مزید کچھ کہنے کی ضرورت ہی باقی نہیں رہتی۔
ہماری دعا ہے کہ ’’رسولؐ نمبر‘‘ کی طرح ’’قرآن نمبر‘‘ بھی جلد تکمیل تک پہنچے اور زیادہ سے زیادہ لوگ علم و عرفان کے اس ذخیرے سے فیضیاب ہوں۔ دونوں جلدوں کی مجموعی قیمت پانچ سو روپے ہے اور انہیں نقوش، اردو بازار، لاہور کے پتہ سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
’’الاشرف‘‘ کا قرآن نمبر
جامعہ اشرفیہ سکھر کا ترجمان ماہنامہ ’’الاشرف‘‘ ایک عرصہ سے دینی صحافت کے محاذ پر سرگرمِ عمل ہے اور مولانا محمد اسعد تھانوی کی نگرانی میں ہمارے فاضل دوست مولانا محمد اسلم شیخوپوری کی زیرادارت دینی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
’’الاشرف‘‘ نے گزشتہ دنوں ’’قرآن نمبر‘‘ کے عنوان سے قرآن پاک کے بارے میں ممتاز اصحابِ قلم کی نگارشات کو جمع کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اب تک دو خصوصی اشاعتیں سامنے آچکی ہیں۔ پہلی جلد دو سو سے زائد صفحات اور دوسری جلد ساڑھے تین سو کے لگ بھگ صفحات پر مشتمل ہے۔
’’الاشرف‘‘ کا سالانہ زرِ خریداری ڈیڑھ سو روپے ہے، جبکہ ’’قرآن نمبر‘‘ کی پہلی جلد پر اس کی الگ قیمت درج نہیں، اور دوسری جلد پر اس کی الگ قیمت ایک سو دس روپے درج ہے، اور انہیں دفتر ماہنامہ الاشرف، الاحمد مینشن، ۱۳ بی، گلشن اقبال، کراچی کے پتہ سے منگوایا جا سکتا ہے۔
’’جادو کی حقیقت اور اس کا قرآنی علاج‘‘
حجت الاسلام حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی قدس سرہ العزیز کے پوتے حضرت مولانا قاری محمد طاہر کی تصنیف ’’التعوذ فی الاسلام‘‘ علمی حلقوں میں معروف کتاب ہے جس میں انہوں نے قرآن کریم کی آخری دو سورتوں کے مضامین کی تشریح کی ہے، اور جادو کے بارے میں اسلامی تعلیمات و احکام کا بہت بڑا ذخیرہ جمع کر دیا ہے۔
کتاب پر حضرت مولانا میاں اصغر حسین صاحبؒ، حضرت مولانا حسین احمد مدنیؒ، حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ، حضرت مولانا احمد علی لاہوریؒ، حضرت مولانا شبیر احمد عثمانیؒ، اور حضرت مولانا اعزاز علیؒ جیسے اکابر کی تصدیقات موجود ہیں۔
ایک عرصہ کے بعد اس کتاب کو ہمارے فاضل دوست مولانا قاری جمیل الرحمٰن اختر نے مندرجہ بالا عنوان کے تحت معیاری کتابت و طباعت اور خوبصورت جلد کے ساتھ دوبارہ پیش کیا ہے۔ صفحات ساڑھے تین سو سے زائد ہیں اور قیمت ڈیڑھ سو روپے ہے۔ ملنے کا پتہ: انجمن خدام الاسلام، ۲۸۵ جی ٹی روڈ، باغبانپورہ لاہور ہے۔
ماہنامہ ’’حق چاریارؓ‘‘ کا حضرت جہلمیؒ نمبر
تحریکِ خدامِ اہل سنت پاکستان کے ترجمان ماہنامہ حق چاریارؓ نے مجلد اہلِ سنت حضرت مولانا عبد اللطیف جہلمی رحمہ اللہ تعالیٰ کی زندگی اور خدمات کے بارے میں ایک خصوصی نمبر شائع کیا ہے جو حضرت مرحوم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے حوالہ سے ممتاز علماء کرام کے مضامین پر مشتمل ہے۔ صفحات ۳۴۰، قیمت ایک سو بیس روپے ہے۔ ملنے کا پتہ: دفتر ماہنامہ حق چاریارؓ، متصل جامع مسجد برکت علی، مدینہ بازار، ذیلدار پارک، اچھرہ، لاہور ۵۴۶۰۰۔
’’جمعۃ المبارک کی تعطیل و تعظیم‘‘
موجودہ حکومت نے جمعۃ المبارک کی سرکاری چھٹی ختم کی تو اس پر ملک بھر میں بحث و تمحیص کا سلسلہ شروع ہو گیا، اور بعض حلقوں کی طرف سے یہ تاثر دیا گیا کہ شرعی طور پر جمعۃ المبارک کی چھٹی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر مدظلہ کے فرزند، برادرِ عزیز قاری حماد الزہراوی سلّمہ نے زیر نظر رسالہ میں اس کا تفصیلی جائزہ لے کر جمعۃ المبارک کے دن کی فضیلت اور اس کی چھٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالی ہے، جو اس موضوع سے دلچسپی رکھنے والے حضرات کے لیے بہت مفید ہے۔ ساٹھ صفحات پر مشتمل اس رسالے کی قیمت ۱۵ روپے ہے اور اسے ندوۃ المعارف، گکھڑ منڈی ضلع گوجرانوالہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’شمائل ترمذی مع اردو ترجمہ و شرح‘‘
جناب رسالتماب صلی اللہ علیہ وسلم کے شمائل و خصائل پر امام محمد بن عیسیٰ بن ترمذی رحمہ اللہ تعالیٰ کی تصنیف ’’شمائلِ ترمذی‘‘ علمی حلقوں میں معروف ہے اور مدارسِ دینیہ کے نصاب میں شامل ہے۔ حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی مدظلہ نے اس کا اردو میں ترجمہ اور تشریح کی ہے، اور اس کے ساتھ امام ترمذیؒ کا تعارف، علومِ حدیث کے حوالہ سے مفید معلومات اور دیگر ضروری امور بھی شامل کر دیے ہیں۔
زیر نظر مجموعہ اس شرح کا دوسرا حصہ ہے جو سات سو سے زائد پر مشتمل ہے، اور اسے عمدہ کتابت و طباعت اور مضبوط و مزین جلد کے ساتھ مکتبہ دروس القرآن فاروق گنج، گوجرانوالہ نے شائع کیا ہے۔ اس جلد کی قیمت ایک سو ساٹھ روپے ہے۔
’’خدا کا آخری پیغام‘‘
قرآن کریم کی آیاتِ مقدسہ کو انگلش میں مضامین کے حوالہ سے جناب ایم این رضوی نے مرتب کیا ہے، اور اس مجموعہ کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ پریس (پوسٹ بکس ۱۰۳۵) نے شائع کیا ہے۔ یہ انگلش زبان میں قرآنی مضامین کو پیش کرنے کی اچھی کوشش ہے مگر آیاتِ قرآنی کا صرف ترجمہ پیش کیا گیا ہے اور آیات کا متن ساتھ شامل نہیں ہے، جو ہمارے خیال میں محلِ نظر ہے کیونکہ فقہائے کرام نے متن کے بغیر قرآن کریم کے صرف ترجمے کو کسی بھی زبان میں شائع کرنے سے منع کیا ہے، اور اس کی حکمت یہ بیان کی ہے کہ متن کے بغیر خالی ترجمہ میں تحریف کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ اس لیے مناسب ہوگا کہ اگلی اشاعت میں ترجمے کے ساتھ آیات کا متن بھی شامل کر دیا جائے تاکہ یہ اشکال باقی نہ رہے۔
یہ مجموعہ بڑے سائز کے ایک سو چونسٹھ صفحات پر مشتمل ہے جس پر قیمت درج نہیں ہے اور اسے جناب ایم این رضوی مکان ۲۴ بی، گلی ۱۷، ایف سیون ٹو، اسلام آباد سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’مولانا عبید اللہ سندھیؒ کی سرگزشتِ کابل‘‘
تحریکِ آزادی کے ممتاز راہنما اور حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسنؒ کے رفیقِ خاص حضرت مولانا عبید اللہ سندھیؒ، حضرت شیخ الہندؒ کے حکم پر کابل گئے اور وہاں بیٹھ کر تحریکِ آزادی کو پروان چڑھانے کے لیے دنیا بھر سے رابطے کیے۔ ان کے کابل کے قیام کے واقعات کو ان کے رفیقِ سفر مولانا عبد اللہ لغاری نے مرتب کیا ہے اور دارالکتاب، عزیز مارکیٹ، اردو بازار، لاہور نے شائع کیا ہے۔ صفحات ۲۶۴، مجلد، قیمت ۱۳۰ روپے ہے۔
’’مکاتیب مولانا عبید اللہ سندھیؒ‘‘
حضرت مولانا عبید اللہ سندھیؒ کی مختلف تحریرات کو، جن میں بعض شخصیات کے نام خطوط کے علاوہ کچھ کتابوں کے بارے میں ان کی رائے اور چند اہم اعلانات بھی شامل ہیں، محترم ڈاکٹر ابو سلمان شاہجہان پوری نے زیرنظر مجموعہ میں مرتب کر دیا ہے۔ اور المحمود اکیڈمی، عزیز مارکیٹ، اردو بازار، لاہور نے اسے شائع کیا ہے۔ صفحات ۲۲۶، مجلد، قیمت ایک سو بیس روپے۔
’’سوانحِ عرفان‘‘
تحریکِ خلافت میں مولانا محمد علی جوہرؒ کے ساتھ ان کے ایک سرگرم رفیقِ کار کے طور پر مولانا ابو المعارف عرفانؒ کا نام بھی تاریخ کے صفحات میں نمایاں ہے، جو آل انڈیا خلافت کمیٹی کے سیکرٹری اور جمعیت علماء ہند کے ناظم رہے ہیں۔ موصوف ہزارہ کے رہنے والے تھے مگر علی برادران کے ساتھ اس طرح شیر و شکر ہو گئے کہ انہیں مولانا جوہرؒ کے خاندان کا ایک فرد سمجھا جانے لگا۔ ان کی زندگی کے حالات اور تگ و دو کے مختلف واقعات کو جناب داؤد کوثر نے اپنے ذوق کے ساتھ مرتب کیا ہے اور اس کے ساتھ اس دور کے دیگر بہت سے اہم واقعات کا بھی تذکرہ کیا ہے۔
صفحات تین سو سے زائد، کتابت و طباعت گوارا، قیمت ایک سو باون روپے۔ ملنے کا پتہ: ادارہ فروغِ ادب، منصور نگر، حدوبانڈی، مانسہرہ، ہزارہ۔