۲ مارچ ۱۹۷۹ء
- رکن سازی کا کام شروع ہوئے چار ماہ کے قریب عرصہ ہو چکا ہے اور گزشتہ سالوں کی بہ نسبت اس دفعہ رکن سازی کی رفتار اور اس سلسلہ میں ہونے والا کام بہت بہتر ہے۔ البتہ قومی سیاست میں قائد جمعیۃ مولانا مفتی محمود کے روشن کردار، تحریک نظامِ مصطفٰیؐ میں جمعیۃ علماء اسلام کے راہنماؤں اور کارکنوں کی بے مثال قربانیوں اور سیاسی امور میں جمعیۃ علماء اسلام کے متوازن اور متحرک کردار کے باعث جمعیۃ کے سیاسی وقار اور مقبولیت میں جو اضافہ ہوا ہے اس کے پیش نظر رکن سازی کے سلسلہ میں ہونے والا کام اور پیش رفت قطعاً غیر تسلی بخش ہے اور اس کی وجہ ہر سطح پر ہماری سست روی اور تنظیمی مزاج کا فقدان ہے۔
- رکن سازی کی مدت میں اب صرف ربیع الثانی کا مہینہ باقی ہے اور پروگرام کے مطابق ان شاء اللہ ۳۰ ربیع الثانی کو رکن سازی کا کام روک کر مرحلہ وار انتخابات کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔ چونکہ رکن سازی کی میعاد پہلے ہی کافی دے دی گئی ہے اس لیے اس میں مزید توسیع نہیں ہو سکے گی۔ لہٰذا سب بزرگوں اور دوستوں سے گزارش ہے کہ وہ مقررہ مدت ختم ہونے سے پہلے اپنے حلقوں میں رکن سازی کا کام بہرحال مکمل کر لیں۔
- رکن سازی کے کام میں تیزی پیدا کرنے کے لیے ۱۱ مارچ سے پورے ملک میں رکن سازی کا خصوصی عشرہ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہر سطح پر جماعتی عہدہ داروں اور رکن سازی کے سلسلہ میں مقرر کیے گئے انچارج حضرات سے گزارش ہے کہ وہ ۱۱ مارچ سے قبل باہمی مشاورت کا اہتمام کر کے اپنے اپنے حلقہ میں رکن سازی کی رفتار کا جائزہ لیں اور جو کام باقی رہ گیا ہو اسے ’’عشرہ رکن سازی‘‘ کے دوران ایک پرجوش مہم کی صورت میں مکمل کر لیں۔
- ضلعی جمعیتوں سے گزارش ہے کہ وہ جماعتی راہنماؤں اور کارکنوں کی حلقہ وار ٹیمیں بنا کر دوروں کا اہتمام کریں اور اس بات کی کوشش کریں کہ ضلع کا کوئی حصہ اس سلسلہ میں رابطہ اور دورہ سے محروم نہ رہ جائے۔
- مرکزی شعبہ نشر و اشاعت کی طرف سے ایک پوسٹر اور ایک تعارفی پمفلٹ محدود تعداد میں چھپوا کر صوبائی دفاتر کو مہیا کر دیے گئے ہیں۔ ضلعی جمعیتیں صوبائی دفاتر سے اپنے کوٹہ کے مطابق حاصل کر لیں اور ضرورت کے مطابق چھپوانے اور تقسیم کرنے کا اہتمام کریں۔ اس کے علاوہ بھی ضلعی جمعیتیں اپنے وسائل کی حد تک رکن سازی کے سلسلہ میں اشتہارات اور پمفلٹ چھپوانے کی کوشش کریں۔
- کارپوریشن اور میونسپلٹی کی سطح کے شہروں میں رکن سازی اس ترتیب سے کرائی جائے کہ شہر کی سرکاری تقسیم کے مطابق وارڈوائز (وارڈوں کے مطابق) یونٹوں کی تشکیل میں آسانی رہے اور کوشش کی جائے کہ کوئی وارڈ رکن سازی سے خالی نہ رہ جائے۔
- خواتین کی ممبر شپ کی طرف خصوصی توجہ کی جائے اور رکن سازی کے ساتھ ساتھ ہر شہر میں خواتین کے الگ حلقوں کی تشکیل کے لیے سمجھدار اور تنظیمی کام کو سمجھنے والی خواتین کے باہمی رابطہ کا بھی اہتمام کیا جائے۔
- انصار الاسلام کی تنظیمِ نو کا کام بھی خصوصی اور فوری توجہات کا محتاج ہے اس لیے تمام جمعیتیں اور تنظیمی کمیٹیاں انصار الاسلام کے سالاروں سے اس سلسلہ میں بھرپور تعاون کریں۔
- جماعتی سرگرمیوں، رکن سازی کے سلسلہ میں دوروں اور جمعیۃ میں شمولیت اختیار کرنے والی ممتاز شخصیات کی تشہیر کا مناسب اہتمام کیا جائے اور اخبارات و رسائل میں ان امور کی اشاعت کی بھرپور کوشش کی جائے۔
- رکن سازی کی پر شدہ کاپیاں اور ان کی رقوم ساتھ ساتھ مرکزی دفتر کو واپس کی جائیں۔ رقوم براہِ راست حضرت مولانا مفتی محمود مدظلہ کے نام مرکزی دفتر کے پتہ پر ارسال کی جائیں اور ان کی رسید اور پرشدہ کاپیاں رکن سازی کے بالائی انچارج کے پاس جمع کرا دی جائیں۔
- رکن سازی کے کام کے ساتھ ساتھ جماعتی آرگن ہفت روزہ ترجمانِ اسلام کی توسیع اشاعت اور ایجنٹوں سے اس کے بقایا جات کی واپسی کی کوشش بھی جاری رکھیں اور ہر سطح پر جماعتی احباب کو اس طرف متوجہ کریں۔
(ابوعمار زاہد الراشدی، مرکزی ناظم انتخابات جمعیۃ علماء اسلام پاکستان)