بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
مجدد الف ثانی حضرت شیخ احمد سرہندی رحمۃ اللہ تعالیٰ جنوبی ایشیا کے اکابر علماء اسلام میں ایک ممتاز شخصیت ہیں جنہوں نے علومِ نبوت کی ترویج اور تزکیہ و احسان کے ساتھ ساتھ اسلامی عقائد و احکام کے تحفظ و دفاع میں بھی لائقِ رشک و تقلید خدمات سرانجام دیں اور حوصلہ و قربانی کے ساتھ الحادی افکار و رجحانات کے سامنے سدِ سکندری بن گئے۔ خاص طور پر اکبر بادشاہ کے خود ساختہ ’’دینِ الٰہی‘‘ کو اپنے علم و فضل اور خلوص و استقامت کے ساتھ پسپائی پر مجبور کر دیا، جو آج بھی الحاد و زندقہ اور فرقہ و مذاہب کے نام سے پھیلائے جانے والے فتنوں کے مقابلہ، اور مسلمانوں کے احکام و عقائد کے تحفظ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
برصغیر کے ممتاز عالمِ دین حضرت مولانا محمد منظور نعمانی رحمۃ اللہ تعالیٰ نے اپنی علمی جدوجہد کا حاصل ’’الفرقان‘‘ لکھنؤ کی ایک ضخیم خصوصی اشاعت میں حضرت مجدد الف ثانی کی اس عظیم جدوجہد کے مختلف پہلوؤں کو اس وقت کے اکابر علماء کرام اور اصحابِ علم و قلم کے مقالات و مضامین کے ساتھ منظم طور پر پیش کیا تھا، جس نے حضرت مجدد کی خدمات اور کارناموں سے علماء کرام اور اصحابِ ذوق کو متعارف کرانے میں نمایاں کردار ادا کیا، آج کے دور میں اس کی دوبارہ اشاعت کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی جسے ہمارے فاضل دوست حضرت مولانا قاری جمیل الرحمٰن اختر رحمۃ اللہ تعالیٰ کے خاندان بالخصوص عزیزم مولانا زبیر جمیل نے شائع کرنے کا اہتمام کیا ہے جو اُن کے حسنِ ذوق کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ قبولیت و ثمرات سے نوازیں اور زیادہ سے زیادہ حضرات کو اس سے استفادہ کرنے کی توفیق دیں، آمین۔

