جمعیۃ علماء اسلام کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اہم فیصلے

   
۹ مئی ۱۹۷۵ء
  1. حضرت امیر مرکزیہ مولانا محمد عبد اللہ درخواستی دامت برکاتہم، قائد جمعیۃ حضرت مولانا مفتی محمود مدظلہ، حضرت مولانا عبید اللہ انور مدظلہ، حضرت مولانا خان محمد مدظلہ آف کندیاں شریف اور حضرت مولانا سید نیاز احمد شاہ گیلانی پر مشتمل وفد بہت جلد مندرجہ ذیل شہروں کا دورہ کر کے کارکنوں کے علاقائی اجتماعات سے خطاب کرے گا۔ کراچی، حیدر آباد، سکھر، رحیم یار خان، ملتان، لاہور، گوجرانوالہ، لائل پور، سرگودھا، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، جھنگ، سیالکوٹ۔
  2. کل پاکستان جمعیۃ علماء اسلام کے زیراہتمام ۱۸ و ۱۹ اکتوبر مطابق ۱۲ و ۱۳ شوال بروز ہفتہ و اتوار گوجرانوالہ میں آل پاکستان نظامِ شریعت کنونشن ہوگا۔ حضرت مولانا عبید اللہ انور مدظلہ کو مجلس استقبالیہ کا صدر منتخب کر لیا گیا۔
  3. قومی پریس سے رابطہ اور جماعتی لٹریچر کی اشاعت کے لیے مرکزی شعبہ نشر و اشاعت قائم کر کے مولانا زاہد الراشدی گوجرانوالہ کو اس کا ناظم مقرر کر دیا گیا اور شعبہ کے باقی ارکان کا تعین ناظم کی صوابدید پر چھوڑ دیا گیا۔
  4. مرکزی دفتر کی نگرانی مرکزی نائب امیر حضرت مولانا محمد شریف وٹو کے سپرد کی گئی۔ وہ ہر ماہ کم از کم دو مرتبہ تشریف لا کر دفتر کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور ہدایات جاری کریں گے۔
  5. تبلیغی مساعی کو منظم کرنے کے لیے مرکزی شعبہ تبلیغ قائم کیا گیا اور حضرت مولانا سید نیاز احمد شاہ گیلانی آف ملتان کو ناظم شعبہ مقرر کیا گیا۔
  6. انصار الاسلام کو ازسرنو منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور سالارِ اعظم حاجی کرامت اللہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ مرکزی و صوبائی سالاروں کو بلا کر اس سلسلہ میں لائحۂ عمل طے کریں۔
  7. جناب عبد الحمید بٹ لاہور کو ہدایت کی گئی کہ وہ مرکزی و صوبائی دفاتر کے حسابات چیک کر کے مجلس شوریٰ کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کریں۔
  8. مرکزی مجلس شوری کا اجلاس ہر تین ماہ بعد لازماً ہوگا۔ جگہ اور وقت کا تعین حالات کی مناسبت سے مرکزی ناظم عمومی کریں گے۔
  9. (ہفت روزہ) ترجمان اسلام کی کارکردگی پر مجلس شوریٰ کی طرف سے اطمینان و تحسین کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ترجمان اسلام نئی انتظامیہ کی تحویل میں ہی رہنے دیا جائے۔ نیز مولانا قاضی عبد اللطیف کلاچی، مولانا محمد رمضان میانوالی اور مولانا سعید احمد رائے پوری پر مشتمل ایک جائزہ کمیٹی بھی قائم کی گئی۔
  10. قائد جمعیۃ مدظلہ اپنے دوروں میں نوجوان اور فعال علماء اور کارکنوں کو ساتھ رکھیں تاکہ ان کی تربیت ہو سکے۔
  11. فیصلہ کیا گیا کہ جمعیۃ علماء اسلام کا ہر رکن ترجمان اسلام کی اشاعت بڑھانے کے لیے ہرممکن کوشش کرے۔ اس سلسلہ میں خصوصاً ہر سطح کے ناظمِ نشریات اپنی ذمہ داری سے عہدہ برآ ہوں۔ جماعتی مبلغین تقریروں میں ترجمان اسلام پڑھنے کی ترغیب دیں، ضلعی سطح پر وفود دورہ کر کے ترجمان اسلام کی توسیعِ اشاعت کا اہتمام کریں۔ ہر سطح کے اجلاس میں ترجمان اسلام کو ایجنڈے میں شامل کر کے اپنے علاقے میں توسیعِ اشاعت کا جائزہ لیا جائے۔
  12. ترجمانِ اسلام کے صفحات میں گنجائش کم ہونے کی وجہ سے مقامی سطح کے رہنماؤں کے بیانات اخبارات کو ارسال کیے جائیں۔ اخبارات سے زیادہ سے زیادہ رابطہ قائم رکھنے کے لیے ہر سطح کے ناظمِ نشریات مستعدی سے کام کریں، اور صرف جماعتی اجلاس، تنظیمی دوروں اور جماعتی انتخابات کی خبریں ترجمان اسلام میں بھیجی جائیں۔
   
2016ء سے
Flag Counter