بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
اٹھارہویں صدی عیسوی میں جب برصغیر پاک و ہند و بنگلہ دیش میں صدیوں سے چلے آنے والے مسلم اقتدار کو شدید بیرونی و اندرونی خطرات سے سابقہ درپیش تھا، اور جہاں ایک طرف سات سمندر پار سے آنے والے برطانوی، فرانسیسی اور پرتگیزی استعماری گروہ اس خطہ پر تجارت کے عنوان سے تسلط جمانے کے لیے مسلسل پیش قدمی کر رہے تھے، وہاں جنوبی ہند کے مرہٹوں اور پنجاب کے سکھوں نے قوت پکڑ کر دہلی کی مسلم مغل حکومت کے لیے حقیقی خطرات کھڑے کر دیے تھے۔ جبکہ مسلمان حکمران، نواب، امراء اور دیگر بااثر طبقات اقتدار کی باہمی کشمکش اور عیش پرستی میں الجھے ہوئے ہر محاذ پر پسپائی اختیار کرتے جا رہے تھے۔
عام مسلمان اور دیندار حلقے اس صورتحال پر سخت پریشان اور مضطرب تھے اور انہیں اصلاحِ احوال کی کوئی صورت دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ اس ماحول میں اہلِ حق کے سرخیل حضرت امام ولی اللہ دہلویؒ نے قافلۂ حق کی ترجمانی کرتے ہوئے ملت کی راہنمائی اور ترجمانی کی ذمہ داری سنبھالی اور فکری و عملی محاذ پر جو کچھ ان کے بس میں تھا کر گزرے۔
شاہ ولی اللہ دہلویؒ اورنگزیب عالمگیرؒ کی وفات کے بعد مغل حکومت کے دورِ زوال کے آغاز میں ابھرنے والی ایک ایسی علمی و فکری اور روحانی شخصیت ہیں، جنہوں نے اس زوال کی رفتار، اس کے تنوع اور اس کے نتائج کو بروقت محسوس کر کے جنوبی ایشیا میں امت مسلمہ کے مستقبل کی علمی و فکری شیرازہ بندی کا بیڑا اٹھایا اور تمام تر رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود اس خطے کے مسلمانوں کو ایک ایسی علمی، فکری، دینی اور روحانی قیادت فراہم کر دی جو نہ صرف گزشتہ تین صدیوں سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کی علمی، فکری اور سیاسی رہنمائی کر رہی ہے، بلکہ اہلِ فکر و نظر نے مستقبل میں بھی اس خدمت کے لیے اسی سے توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔
حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی فکری تحریک کا سب سے بڑا علمبردار دارالعلوم دیوبند ہے جس نے ایک سو چالیس سال کی جدوجہد کے ذریعہ اسلامی تعلیمات و احکام اور تہذیب و ثقافت کی نہ صرف حفاظت کی ہے بلکہ جنوبی ایشیا کے لاکھوں مسلمانوں کو مختلف شعبوں میں اس کی حفاظت و ترویج اور نفاذ و غلبہ کے لیے تیار کیا ہے۔ حضرت شاہ محمد اسحاق دہلویؒ اور حضرت شاہ عبد الغنی محدث دہلویؒ کے تلامذہ میں سے حضرت مولانا احمد علی سہارنپوریؒ اور حضرت مولانا مملوک علی نانوتویؒ کے حلقہ نے اپنا مورچہ دیوبند میں لگایا اور حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی اصلاحی تحریک کے تسلسل کو (بالخصوص فکری اور سیاسی محاذ پر) آگے بڑھانے کا اعلان کیا۔ دیوبند میں مدرسہ عربیہ کے نام سے ۱۸۶۶ء میں جس مدرسہ کا آغاز ہوا، اس کے بانیوں میں مولانا محمد قاسم نانوتویؒ ، مولانا رشید احمد گنگوہیؒ اور حاجی عابد حسینؒ نے اپنے اس نئے مدرسے میں، جو بعد میں دار العلوم دیوبند کے نام سے دنیا بھر میں متعارف ہوا، نصاب تعلیم کی بنیاد درس نظامی پر رکھی، لیکن اس میں حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی تعلیمی اصلاحات اور سلسلہ چشتیہ کے عظیم بزرگ حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکیؒ کے روحانی تربیتی ذوق کو بھی شامل کر لیا، چنانچہ ان تینوں کے امتزاج سے ایک مستقل فقہی مکتب فکر وجود میں آ گیا جس کے اثرات و ثمرات آج دنیا بھر میں بالخصوص برصغیر پاک و ہند و بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے علمی، دینی اور تعلیمی حلقوں میں نمایاں دکھائی دے رہے ہیں۔
شاہ ولی اللہ دہلویؒ خود علوم قرآن و حدیث کے متبحرِ عالم تھے، انہیں اپنے لائق فرزندوں اور قابل فخر شاگردوں کی صورت میں علمی کام کرنے والی ایک مضبوط ٹیم میسر تھی اس لیے ان کے ایجنڈے نے ایک باقاعدہ علمی حلقے کی شکل اختیار کر لی اور جنوبی ایشیا کی دینی فکر پر ابھی تک اسی کا سکہ چل رہا ہے۔
حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کی کتاب ’’حجۃ اللہ البالغہ‘‘ جسے حضرت شاہ صاحبؒ نے بنیادی طور پر احادیث نبویہؐ کی کتاب کے طور پر ہی پیش کیا ہے، ہمارے ہاں جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ میں اس کے بعض ابواب دورۂ حدیث کے نصاب میں شامل ہیں۔ حضرت شاہ صاحبؒ نے ’’حجۃ اللہ البالغہ‘‘ میں حدیث نبویؐ کی اہمیت بیان کی ہے، جناب نبی اکرمؐ کے ارشادات و اعمال کی حکمتوں پر بحث کی ہے، اسلامی شریعت کی حکمتوں اور فوائد کو واضح کیا ہے، محدثین اور فقہاء کے اسلوب میں فرق کی نشاندہی کی ہے، اور احادیث نبویؐ سے مسائل و احکام کے استنباط و استدلال کے حوالہ سے صحابہ کرامؓ، تابعینؒ اور ائمہ مجتہدینؒ کے اسالیب سے متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ مختلف فقہوں کے وجود میں آنے کا پس منظر اور تاریخ بیان کی ہے۔ اسلامی احکام اور مسائلِ شریعت سماجی و معاشرتی کی حکمتوں اور اسرار و رموز سے واقفیت اور اس اسلوب سے استفادہ کے لیے ’’حجۃ اللہ البالغۃ‘‘ سے بہتر کوئی کتاب نہیں ہے، اس لیے ہماری رائے میں حدیثِ نبویؐ کے اس پہلو سے ہمارے طلبہ اور اساتذہ کا واقف ہونا ضروری ہے، بلکہ آج کے دور میں اس کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
حدیث نبویؐ کو ہمارے ہاں عمومی طور پر علوم دینیہ میں سے ایک علم کے طور پر پڑھا جاتا ہے اور قرآن کریم، حدیث نبوی، فقہ اسلامی، عقائد اور دیگر شعبوں میں علم حدیث کو بھی ایک شعبہ سمجھا جاتا ہے۔ لیکن حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ حدیث نبویؐ کو علوم اسلامیہ میں سے ایک علم کے طور پر نہیں بلکہ تمام علوم دینیہ کے مأخذ کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ ’’حجۃ اللہ البالغہ‘‘ میں ان کا ارشاد گرامی ہے کہ ’’ان عمدۃ العلوم الیقینیۃ رأسھا ومبنی الفنون الدینیۃ واَساسہا ھو علم الحدیث النبوی الشریف الذی یذکر فیہ ماصدر عن سید المرسلین صلی اللّٰہ علیہ وسلم من قول أو فعل أو تقریر ۔۔ الخ‘‘۔ اس میں دوسرا جملہ ’’الذی یذکر فیہ ما صدر عن سید المرسلینؐ من قول أو فعل أو تقریر‘‘ حدیث کی تعریف ہے۔ یہ الفاظ کے تھوڑے بہت مختلف ہونے کے باوجود وہی تعریف ہے جو عام محدثین کے ہاں پائی جاتی ہے اور جو تعریف ہم عمومی طور پر حدیث کی کیا کرتے ہیں۔ جبکہ پہلے جملہ میں حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ نے حدیث نبویؐ کا تعارف اور دین میں اس کے مقام و حیثیت کا ذکر کیا ہے اور فرمایا ہے کہ تمام علوم دینیہ کا مأخذ اور اساس علمِ حدیث ہے، یعنی دین سے متعلقہ تمام علوم ہمیں حدیث نبویؐ کے ذریعے حاصل ہوتے ہیں حتیٰ کہ قرآن کریم بھی ہمیں حدیث کے ذریعے ملا ہے۔ حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ ان تمام علوم کو علم حدیث کے شعبوں کے طور پر متعارف کراتے ہیں اور حضرت شاہ صاحبؒ کی یہ تعبیر و تشریح پیش نظر رہے تو حدیث و فقہ کے باب میں بہت سے عقدے خودبخود حل ہوتے چلے جاتے ہیں۔
شاہ ولی اللہؒ کو اپنے دور میں فقہی جمود کا سامنا تھا اور اس جمود کو توڑنے کے لیے انہوں نے نہ صرف مسلمانوں کو قرآن و حدیث سے براہ راست استفادہ کرنے کی دعوت دی بلکہ قرآن کریم اور حدیث نبویؐ کی تعلیم و تدریس کا سلسلہ جاری کیا اور فقہ میں انہوں نے فقہ حنفی کے اصولی دائرہ کو قائم رکھتے ہوئے وقت کے تقاضوں اور مستقبل کی سماجی ضروریات کے حوالہ سے توسع اور اجتہاد کو فروغ دینے کی بات کی۔
علماء کرام کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ آج کے ماحول اور مستقبل کی علمی و فکری ضروریات کے لیے حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ کا مطالعہ کس انداز سے کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ایک اور بات بھی شامل کرنا چاہوں گا جس کا ذکر خود حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ نے ’’حجۃ اللہ البالغہ‘‘ میں کیا ہے کہ اب نظاموں کے مقابلہ کا دور ہے، جس میں اسلامی احکام و قوانین اور قرآن و سنت کی تعلیمات و فرمودات کی معاشرتی حکمتوں کو واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ اسے حضرت شاہ صاحبؒ نے قرآن کریم کی وجوہِ اعجاز میں ایک نیا پہلو اجاگر کرنے سے تعبیر کیا ہے کہ جس طرح دنیا فصاحت و بلاغت اور بہت سے دیگر پہلوؤں میں قرآن کریم کا مقابلہ کرنے سے عاجز چلی آ رہی ہے، اسی طرح معاشرتی قوانین و احکام کے دائروں میں بھی قرآن کریم اور جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات و تعلیمات کی معاشرتی حکمتوں، مصلحتوں اور افادیت و تاثیر کا مقابلہ کرنا بھی دنیا کے کسی نظام کے بس میں نہیں ہے، اور یہ جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک نمایاں معجزہ ہے۔
اسلامی تعلیمات کے اس سماجی پہلو کو جسے آج کی دنیا میں ’’سوشیالوجی‘‘ سے تعبیر کیا جاتا ہے، حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ نے احادیثِ نبویہ علیٰ صاحبہا التحیۃ والسلام کی سماجی تشریحات کا راستہ اختیار کیا اور خاص طور پر ’’ارتفاقات‘‘ کا عنوان اختیار کیا، جس کی وجہ ہمارے خیال میں یہ ہے کہ قرآن کریم نے ’’جنت کی سوسائٹی‘‘ کو ’’حسنت مرتفقا‘‘ اور دوزخ کے ماحول کو ’’ساءت مرتفقا‘‘ قرار دیا ہے۔ چنانچہ دنیا کی انسانی سوسائٹی کو جنت جیسا ماحول فراہم کرنے کو انہوں نے ارتفاقات کے عنوان سے بیان فرمایا ہے۔
حضرت شاہ صاحبؒ کے اس فکر و فلسفہ کو مختلف اوقات میں جن اکابر علماء کرام نے اپنے مطالعہ و تحقیق اور تدریس و اشاعت کا موضوع بنایا، ان میں ہمارے عمِ محترم استاذ گرامی حضرت مولانا صوفی عبد الحمید خان سواتی رحمہ اللہ تعالیٰ بانئ جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ بھی ہیں، جن سے ہزاروں علماء کرام نے استفادہ کیا اور حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے علوم و افکار کی خدمت کے لیے خود کو پیش کیا، جن میں ان کے پوتے، مولانا حاجی محمد فیاض خان سواتی مہتمم جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ، کے فرزند اور راقم الحروف کے نواسے حافظ محمد خزیمہ خان سواتی سلّمہ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے زیر نظر مقالہ (’’شرائع الٰہیہ اور انسانی تمدن کا باہمی تعلق: فکرِ شاہ ولی اللہ کی روشنی میں‘‘ جسے ماہنامہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ نے ’’فکرِ امام شاہ ولی اللہ نمبر‘‘ کے عنوان سے خصوصی اشاعت جنوری ۲۰۲۵ء کی صورت میں شائع کیا ہے) میں معاشرہ اور سماج کے حوالہ سے حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے ارشادات و تعلیمات کو آج کی زبان اور ضروریات کے مطابق پیش کر کے اس عظیم علمی خدمت میں وقیع حصہ ڈالا ہے جو بلاشبہ حضرت صوفی صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ کی علمی کاوشوں کا تسلسل ہے اور ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ اللہ تعالیٰ عزیزم خزیمہ خان کی اس محنت کو قبولیت سے نوازیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے نفع بخش بنائیں، آمین یا رب العالمین۔