السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
نئی نسل بالخصوص نوجوان علماء میں مطالعہ و تحقیق کا ذوق بتدریج کم ہوتا جا رہا ہے جو یقیناً ہم سب کے لیے لمحۂ فکریہ ہے اور دینی مراکز و مدارس کو اس پر سنجیدہ توجہ دینی چاہیے۔ اسی ضرورت کے تحت مرکزی جامع مسجد (شیرانوالہ باغ، گوجرانوالہ) میں ’’مرکز مطالعہ خلافتِ راشدہ‘‘ کے عنوان سے ایک مطالعاتی حلقہ قائم کر کے اس کے لیے الگ دفتر مخصوص کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے جدید تعلیم یافتہ حضرات بالخصوص نوجوان علماء کرام کو خلافتِ راشدہ کے نظام، اسلامی تعلیمات و تاریخ اور اسلام و مغرب کی فکری و تہذیبی کشمکش سے متعارف کرانے کے لیے مطالعہ و تحقیق کا ماحول اور ذرائع مہیا کیے جائیں گے۔ نیز علمی و فکری اور ادبی و تعلیمی پروگراموں کے ذریعے ملی، دینی اور قومی تقاضوں سے آگاہی کو فروغ دیا جائے گا، ان شاء اللہ تعالیٰ۔
مدرسہ انوار العلوم ملحقہ مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ کے مہتمم مولانا داؤد احمد میواتی اس کے نگران ہوں گے جبکہ مرکزی جامع مسجد کے نائب خطیب مولانا حافظ فضل الہادی کی سربراہی میں مولانا حافظ نصر الدین خان عمر، مولانا حافظ امجد محمود معاویہ، عبد القادر عثمان اور مولانا حافظ شیراز نوید پر مشتمل انتظامیہ کمیٹی اس کے نظام کو چلائے گی جس کے سیکرٹری حافظ شیراز نوید ہوں گے۔
اس سلسلہ میں ضروری معلومات کے لیے مولانا حافظ فضل الہادی سے فون نمبر ۰۳۲۱۹۶۷۸۵۷۴ پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ تمام احباب سے درخواست ہے کہ خصوصی معاونت، مشاورت اور دعاؤں کے ساتھ اس کارِ خیر میں شریک ہوں، اللہ تعالیٰ جزائے خیر سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔
ابو عمار زاہد الراشدی
خطیب مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ